(روزنامہ جرأت)پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری وائٹ بال ٹریننگ کیمپ کو مستقبل کے چیلنجز کیلیے اہم قرار دے دیا۔ اپنے انسٹاگرام بیان میں انہوں نے کہا کہ کیمپ کے ذریعے کھلاڑیوں کو قریب سے جاننے، ٹیم کمبی نیشن بنانے اور ڈومیسٹک کرکٹ سمیت پاکستان سپر لیگ میں ابھرنے والے ٹیلنٹ کا جائزہ لینے کا موقع ملا ہے۔ مائیک ہیسن نے شدید گرمی کو چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ 43 ڈگری درجہ حرارت کے باوجود کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے اور حالات سے ہم آہنگ ہو رہے ہیں۔ بولرز کو چیلنج دینے کے لیے ایک جانب مختصر باونڈری بھی رکھی گئی ہے۔انہوں نے اپنی صحت سے متعلق مسائل کے بعد پاکستان واپسی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز کی تیاریوں میں مصروف اور مضبوط کمبی نیشنز بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز 30 مئی سے شروع ہوگی۔




