asimmunirshehbazshariftrump

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر ایران پر حملے روک رہے ہیں: امریکی صدر

(روزنامہ جرأت)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر ایران پر حملے روکنے کا اعلان کردیا۔امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ پاکستانی قیادت نے ہم سے کہاکہ ایران پر حملہ نہ کریں، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہم سے ایرانی قیادت کی متفقہ تجاویز آنے تک حملے روکنے کا کہا ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ جنگ بندی میں تب تک توسیع کررہے ہیں جب تک بات چیت کا عمل مکمل نہیں ہوجاتا، اس لیے جنگ بندی میں اس وقت تک توسیع رہے گی جب تک کہ ایران کی جانب سے تجاویز پیش نہیں کی جاتیں۔صدر ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے اپنی فوج کو ہدایت دی ہے کہ ناکہ بندی جاری رکھے اور ہر لحاظ سے تیار رہے۔
دوسری جانب مشیر اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ مہدی محمدی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنگ بندی میں توسیع کے اعلان کو مسترد کردیا۔مشیر مہدی محمدی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ اس اعلان کی کوئی اہمیت نہیں، ایران کے خلاف جاری ناکہ بندی دراصل بمباری کے مترادف ہے اور اس کا جواب فوجی کارروائی کی صورت میں دیا جانا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں