(روزنامہ جرأت)وزیراعظم محمد شہباز شریف دورہ سعودی عرب کے دوران گزشتہ شب جدہ سے مدینہ منورہ پہنچ گئے۔
گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعود نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کا مدینہ منورہ آمد پر استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں حاضری دی اور ملک و قوم کی ترقی سمیت دنیا بھر میں امن و امان کے لیے دعائیں کیں۔وزیرِ اعظم کی آمد پر وزیرِ اعظم اور وفد کے لیے روضہ رسول کے دروازے کھولے گئے، وزیرِ اعظم نے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت خاص کی اور سلام عقیدت پیش کیا۔
وزیرِ اعظم سعودی عرب کا اپنا دورہ مکمل کرکے مدینہ منورہ سے دوحہ جائیں گے، دوحہ میں وزیرِ اعظم کی امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے دو طرفہ ملاقات ہوگی۔




