attatarar

پاکستان خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگا، بھارتی مہم جوئی کا فیصلہ کن جواب دیا جائیگا: عطا تارڑ

(روزنامہ جرأت)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا ہے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو ایک سال پورا ہو گیا لیکن بھارت آج تک آج تک اپنے موقف کے حق میں شواہد پیش نہیں کرسکا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا آج پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال ہوگیا ہے، لیکن بھارت پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر سوالات کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکا، محض 10 منٹ کے اندر ایف آئی آر کا اندراج متن پہلے سے تیار ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا، بھارتی سول سوسائٹی، سیاستدان، تھنک ٹینکس نے بھی پہلگام واقعہ پر سنجیدہ سوالات اٹھائے جبکہ بھارتی میڈیا کے پاس کوئی ٹھوس شواہد اور قابل اعتبار ثبوت نہیں تھے، بھارتی میڈیا محض من گھڑت بیانیے کو فروغ دیتا رہا، بھارتی میڈیا اپنے پروپیگنڈے کوسپورٹ کرنے میں کوئی مؤثر دلائل پیش نہیں کرسکا۔
ان کا کہنا تھا پہلگام واقعہ ایک جھوٹا، خود ساختہ آپریشن تھا جس کے حق میں بھارت کوئی قابلِ اعتبار شواہد پیش نہیں کر سکا اور نہ ہی ٹھوس ثبوت فراہم کیے، بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈا ٹول کے طور پر جنگی ماحول پیدا کیا اور جھوٹی و بے بنیاد خبریں نشر کیں، بھارتی میڈیا کا مکروہ چہرہ پوری دنیا میں بے نقاب ہو گیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا بھارت کی کھوکھلی مکاری کھل کر سامنے آچکی ہے، کشمیر تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے لیکن بھارت اسے داخلی معاملہ قرار دیتا ہے، بھارت اندرونی معاملات کو بیرونی جبکہ بیرونی معاملات کو اندرونی رنگ دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، بھارت میں ہندوتوا نظریئے سے اقلیتوں کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں، مختلف ممالک میں سکھ رہنماؤں کے قتل کے شواہد بھارتی ریاست کے ملوث ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا بھارت دہشت گردی کو بطور ریاستی پالیسی استعمال کرتا ہے، بھارت عالمی سطح پر دہشت گردی جیسے واقعات میں ملوث رہا ہے، فتنہ الہندوستان بی ایل اے اورفتنہ الخوارج ٹی ٹی پی کے ذریعے پاکستان میں بدامنی کو فروغ دیا جا رہا ہے، پاکستان کے پاس دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کےملوث ہونے کےناقابل تردید شواہد ہیں، جعفر ایکسپریس اور خضدار واقعے سمیت دہشت گردی کے دیگر واقعات میں بھارتی کردار کے ناقابل تردید شواہد ہیں، شواہد کا وقتاً فوقتاً بین الاقوامی برادری اور عالمی میڈیا کے ساتھ بھی تبادلہ کیا جاتا رہا ہے۔ان کا کہنا ہے بھارت کو معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں منہ کی کھانا پڑی، بھارت کو معرکہ حق کی طرح دہشت گردی کی پالیسی میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، یہی وجہ ہے کہ بھارتی حکومت آج تک اس معاملے پر مؤثر بیانیہ تشکیل دینے میں ناکام رہی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کی ریاستی پالیسی دہشت گردی پر مبنی ہے، کلبھوشن یادیوکی گرفتاری کے بعد بھارت کی دہشت گردی پر مبنی پالیسی واضح بے نقاب ہوچکی، اس امر میں کوئی شک نہیں کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشت گردی کے واقعات پاکستان دہشت گردی کے چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف نہ صرف پرعزم ہے بلکہ عملی طور پر اقدامات بھی جاری رکھے ہوئے ہے، پاکستان اپنی خودمختاری، وقار اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ضروری اقدام جاری رکھا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیاب کارروائیوں اور قربانیوں کو پوری دنیا دیکھ رہی ہے، پوری قوم اس عزم پر متفق ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیاجائے گا، اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی تو اس کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں