مظفر آباد:(روزنامہ جرأت) نو منتخب وزیر اعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کہا ہے پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے تو کشمیر بھی پاکستان کے بغیر ادھورا ہے۔وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد ایوان میں اپنے پہلے خطاب میں بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر زمین کے ٹکڑے کا مسئلہ نہیں، یہ اقوام متحدہ کی قرارداوں کے تحت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا مسئلہ ہے۔نو منتخب وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کی مذمت کرتے ہيں، قانون سازی سے کشمیر کو بھارت کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔
بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ افواج پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے شکر گزار ہیں، پاک فوج کی وجہ سے کشمیری سکون کی نیند سوتے ہیں۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف اور مریم نواز کا بھی شکریہ، کشمیر میں اسی طرح تبدیلی لائیں گے جیسے مریم نواز پنجاب میں تبدیلی لائیں۔انہوں نے کہا کہ ریکروٹمنٹ کے لیے این ٹی ایس کی طرح تھرڈ پارٹی سسٹم لائیں گے، آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ نہیں لیکن چیزیں بہتری کی طرف جائیں گی، ڈیجیٹل اکانومی کی طرف جائیں گے اور اسکلڈ بیسڈ ایجوکیشن پر کام کریں گے۔بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ محکمہ صحت اور تعلیم میں اصلاحات لائیں گے اور عوامی شکایت کے لیے ڈیجٹل سیٹزن پورٹل لانچ کریں گے۔خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے بیرسٹر افتخار گیلانی آزادکشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔
نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے 30 ووٹ حاصل کیے جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار مختار خان نے 14ووٹ حاصل کیے۔افتخار گیلانی پہلی بار 2011میں منتخب ہوکر آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پہنچے تھے، افتخار گیلانی آزادکشمیر کے وزیرتعلیم بھی رہ چکےہیں۔افتخار گیلانی حالیہ انتخابات میں ٹیکنو کریٹ نشست پر مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔مسلم لیگ ن نے آزادکشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے ہونے والے اہم مشاورتی اجلاس میں بیرسٹر افتخار گیلانی کا وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے فائنل کیا تھا۔




