(روزنامہ جرأت)پاک بحریہ نے اینٹی شپ ویپن سسٹم تیمور ائیر لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کروز میزائل کا تجربہ پاک بحریہ کی ٹھیک نشانے پر وار کرنے کی صلاحیت اور آپریشنل تیاریوں کا طاقتور مظاہرہ ہے، ائیر لانچڈ کروز میزائل نے اپنے مشن کو انتہائی درستگی کے ساتھ مکمل کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے اس تجربے نے دشمن کے سمندری خطرات کا کھوج لگانے، نشانہ بنانے اور اسے ناکارہ بنانےکی پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں کی توثیق کی ہے۔پاک بحریہ کی جانب سے یہ مظاہرہ قومی دفاعی صلاحیتوں میں اہم اضافے کی علامت ہے، تجربے سے روایتی میدان میں مسلح افواج کی کثیر الجہتی اور مربوط ضرب لگانےکی قوت کو مزید تقویت ملی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے پاک بحریہ قوم کے بحری مفادات اور علاقائی پانیوں کی خودمختاری کے تحفظ کےلیےعزم پرقائم ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی۔




