(روزنامہ جرأت)پشاور میں دہشتگردی کے خدشے کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔پشاور پولیس کے مطابق شہر میں دہشتگردی کا خدشہ ہے اور خطرے کے باعث شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث سول سیکرٹریٹ خالی کردیا گیا ہے اور سیکرٹریٹ کےتمام ملازمین کو چھٹی دے دی گئی ہے۔پشاور پولیس کے مطابق شہر بھر میں سرکاری عمارتوں، دفاتر اور تنصیبات کی سکیورٹی بڑھادی ہے جب کہ پولیس لائنز میں عام لوگوں کا داخلہ بند کردیا گیا۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سول سیکرٹریٹ کی مسجد بھی بند کردی گئی ہے اور نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے وہاں موجود افراد کو بھی مسجد سے باہر جانے کی ہدایت کی گئی۔
حکام کے مطابق سول سیکرٹریٹ کو خالی کرانے کے احکامات سکیورٹی تھریٹ کے باعث جاری کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی الرٹ کے باعث ڈائریکٹوریٹ آف ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، شامی روڈ پشاور کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے۔اسی طرح ورسک روڈ پشاور پر واقع سابق فاٹا سیکرٹریٹ کی عمارت کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے، مذکورہ عمارت میں محکمہ اطلاعات، لائیواسٹاک، صحت اور دیگر محکموں کا عملہ تعینات ہے۔دوسری جانب پولیس لائنز پشاور میں بھی داخلہ بند کردیا گیا ۔سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مختلف اہم سرکاری عمارتوں کو خالی کرانے کے بعد صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے.




