sohail afridi

پنجاب پولیس نے مجھے اغوا کیا اور پھر سڑک پر پھینک دیا، سہیل آفریدی کا الزام

(روزنامہ جرأت)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے الزام لگایا ہےکہ پنجاب پولیس نے انہیں اغوا کیا اور پھر سڑک پر پھینک دیا۔لکشمی چوک لاہور میں پی ٹی آئی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے مجھے اغوا کیا تھا، پھر یہاں سڑک پر پھینک دیا، یہ پنجاب کی جعلی حکومت نے اور پنجاب کی پولیس نے کیا ہے۔سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ آپ کو ورغلائیں گے لیکن آپ نے انتشار نہیں پھیلانا، پُرامن رہنا ہے۔
اس سے قبل سہیل آفریدی لاہور مال روڈریگل چوک پر پولیس کی پریزن وین پر چڑھ گئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی کو تنگ نہیں کر رہے، انہیں تنگ کیا جا رہا ہے۔ سہیل آفریدی نےکہا کہ پہلے ان کے کارکنوں کو رہا کیا جائے پھر وہ آگے بڑھیں گے۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے جب پریزن وین سے اترنے سے انکار کیا تو پولیس اہلکار پریزن وین کو وہاں سے لےکر چلےگئے۔وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے الزام لگایا ہےکہ پنجاب پولیس نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو گاڑی میں بٹھا کر ویرانے میں چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا ہےکہ خیبر پختونخوا کے منتخب وزیراعلیٰ کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائےگی۔دوسری جانب پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے سہیل آفریدی کی وین والی ویڈیو شیئر کر دی۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ایک اور ڈرامہ بازی ملاحظہ کریں، سہیل آفریدی خود جا کر پولیس وین میں بیٹھ گئے، پولیس والے اترنےکو کہتے رہے، سہیل آفریدی نے اپنے ڈرامےکا نظارہ بلاک کرنے پر اپنےگارڈ کو بھی جھاڑ کر ایک طرف کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں