anmool pinky case progress

ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کیخلاف درج قتل کے مقدمے میں اہم پیشرفت

(روزنامہ جرأت)جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں مبینہ ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے پولیس کی جانب سے پیش کیا گیا حتمی چالان منظور کر لیا۔پولیس نے انمول عرف پنکی کے خلاف درج قتل کا مقدمہ تبدیل کرتے ہوئے چالان میں قتل کی دفعہ کو قتل بالسبب میں تبدیل کر دیا۔ انمول عرف پنکی کے خلاف بغدادی تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق فٹ پاتھ سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی تھی، جس کی جیب سے ایک ڈبیا برآمد ہوئی، جس پر انمول پنکی کا نام درج تھا۔ لاش ملنے کے ایک ماہ بعد پولیس نے قتل کی ایف آئی آر درج کی تھی۔پولیس کے مطابق کراچی یونیورسٹی کی کیمیکل رپورٹ کی روشنی میں قتل کی دفعہ ختم کی گئی، کیونکہ رپورٹ میں مرنے والے کی موت نشے کے باعث قرار دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت بھی نہیں ہو سکی۔پولیس کے مطابق قتل بالسبب کے مقدمے میں ملزمہ کو قید کی سزا نہیں ہوگی، بلکہ صرف دیت ادا کرنا ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں