العزیزیہ ریفرنس میں سزا کیخلاف نواز شریف کی اپیل سماعت کیلیے مقرر

اسلام آباد: ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف نواز شریف کی اپیل پر سماعت 7 دسمبر کو مقرر کر دی۔

نیب کی نواز شریف کی سزا بڑھانے کے لیے اپیل بھی سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔ نواز شریف نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سماعت کریں گے۔
دوسری جانب، ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کا مختصر تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا گیا جس میں لکھا ہے کہ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کیس کے فیصلے کا حوالہ دیا۔

مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کے بریت کے فیصلے میں اس عدالت نے آبزرویشن دی تھی۔ عدالتی آبزرویشن میں کہا تھا نیب کے پاس نواز شریف کے خلاف کیس ثابت کرنے کے لیے کوئی دستاویزی شواہد موجود نہیں۔ مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کی بریت کا فیصلہ کہیں بھی چیلنج نہیں کیا گیا۔

عدالت نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل منظور اور بری کرنے کا حکم دیتی ہے، بریت کی وجوہات کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں