الیکشن کمیشن کا انتخابات کے فنڈز کی عدم فراہمی کا سخت نوٹس، سیکرٹری خزانہ طلب

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کے مختص فنڈز کی عدم فراہمی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری خزانہ امداد بوسال کو آج کمیشن طلب کرلیا۔

یہ قدم وزارت خزانہ کی جانب سے بجٹ میں عام انتخابات کے لیے مختص شدہ رقم ریلیز کرنے میں ناکامی پر اٹھایا گیا ۔

ذرائع کے مطابق اس مالی سال کے بجٹ میں عام انتخابات کے لیے 42 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جن میں سے وزارت خزانہ نے اب تک 10 ارب روپے مہیا کیے ہیں اور بقیہ رقم کی فراہمی بغیر کسی معقول جواز کے تعطل کا شکار ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آٹھ فروری کے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے فوری طور پر 17 ارب روپے درکار ہیں۔

اس رقم کی فراہمی کے لیے وزارت خزانہ سے بارہا رجوع کیا گیا اور وزارت خزانہ کو اس رقم کی فوری فراہمی کے لیے تحریری یاددہانی بھی کرائی گئی تاہم اس سلسلے میں ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔

چیف الیکشن کمیشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اس صورت حال سے وزیر اعظم پاکستان کو بھی آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے وزیر اعظم کو آج تفصیلی خط بھی لکھا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں