وی بوک اور پاکستان سنگل ونڈو سسٹم میں فراڈ کا انکشاف

کراچی: پاکستان کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ کراچی کی جانب سے وی بوک اور پاکستان سنگل ونڈو سسٹم میں فراڈ کا انکشاف کیا گیا ہے۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ دونوں خودکار سسٹم میں فراڈ کرکے درست ریکارڈ کے بغیر رقم بیرون ملک منتقل ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق درآمدکنندگان نے بینک کی اجازت کے بغیر اوپن اکاؤنٹ موڈ کے ساتھ اپنی کنسائمنٹس کی کلیئرنس کے لیے محکمہ کسٹمز میں گڈز ڈیکلریشنز داخل کرائی تھی، اوپن اکاؤنٹ کی سہولت کا ناجائز فائدہ اٹھانے والے امپورٹرز کی اطلاع ایف بی آر کو موصول ہوئی تھی، جس سے ڈائریکٹوریٹ کسٹمز ریفارمز اینڈ آٹومیشن کو آگاہ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سنگل ونڈو نظام میں مزید سرکاری محکموں کی شمولیت

موصولہ اطلاع پر وی بوک اور پاکستان سنگل ونڈو سسٹم کی ٹیموں نے اوپن اکاؤنٹ کے ذریعے کلیئرنس حاصل کرنے والے امپورٹرز کے ڈیٹا کی تفصیلی جانچ پڑتال کی جانچ پڑتال کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ کچھ امپورٹرز اور کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس کی جانب سے اسٹیٹ بینک فارن ایکس چینج مینوئل کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

کسٹم حکام نے فراڈ میں ملوث 10امپورٹرز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور فراڈ میں ملوث 4کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ کسٹمز حکام نے فراڈ میں ملوث 3افراد کوگرفتار کرلیا ہے جبکہ باقی ماندہ افراد نے ضمانت قبل از گرفتاری کرالی ہے، جن امپورٹرز کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں، ان میں میسرز مقصود اسٹیل، میسرز احمد نور اسٹیل، میسرز آصف اسٹیل، میسرز البرکہ اسٹیل، میسرز ہارون برادرز اسٹیل، میسرز وقاص اسٹیل، میسرز سنکو اسٹیل ودیگر شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں