ہمیں ٹک ٹاک، گالم گلوچ اور گیٹ نمبر 4 کی سیاست نہیں آتی، بلاول بھٹو

شانگلہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہمیں گالم گلوچ، ٹک ٹاک اور گیٹ نمبر 4 کی سیاست بھی نہیں آتی۔

شانگلہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام کے قدموں کے نیچے سیاسی جنت ہے لیکن سیاست کو اختلاف رائے کے بجائے سیاسی دشمنی تک پہنچا دیا گیا، انتقام کے بجائے عوام کی فلاح کے لیے سیاست ہونی چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پرانے سیاستدانوں کو عوام کے اصل مسائل کی فکر نہیں بلکہ وہ اب بھی انا کی سیاست کر رہے ہیں۔ ہم نے نئی سیاست کی داغ بیل ڈالنی ہے اور 8 فروری کو پیپلز پارٹی کی ہی جیت ہوگی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان دلوا سکتی ہے لہٰذا بزرگ اور نوجوانوں کو مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔ جب تک مزدور خوشحال نہیں تب تک ملک خوشحال نہیں ہوسکتا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ مجھ پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں اور میں اپنی نہیں بلکہ آپ کی جیب بھرنا چاہتا ہوں، پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی تو یوتھ کارڈز دیں گے، ہم نے شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو مکمل کرنا ہے۔

چیئرمین پی پی نے وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال میں آپ کی تنخواہ دگنا کر دوں گا، روزگار کا وعدہ ہر سیاست دان کرتا ہے لیکن پیپلز پارٹی نے کرکے دکھایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں