فلسطین کے بچوں کو “کھانے کی اشیاء والے کھلونے” دینے پر اُشنا شاہ بھڑک اُٹھیں

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے غزہ کے بچوں کو ‘کھانے کی طرح دِکھنے والے کھلونے’ دینے پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی فضول مذاق قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک فلسطینی صحافی نے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں کھانے کی طرح دِکھنے والے بچوں کے کھلونے ایک شاپر میں پیک ہیں۔

ایکس پر پوسٹ کی گئی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کھانے کی طرح دکھنے والے کھلونوں میں دودھ کا پیکٹ، چکن نگٹس، برگر، آئس کریم اور فرنچ فرائز پیک ہوئے ہیں۔
فلسطینی صحافی نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ “اقوام متحدہ نے ہمارے بچوں کو اصلی کھانا دینے کے بجائے یہ کھانے کی طرح دِکھنے والے کھلونے دیے ہیں”۔صحافی کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستانی اداکارہ اُشنا شاہ نے اقوام متحدہ کی اس حرکت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اُشنا شاہ نے کہا کہ “کیا کوئی اس بات کی تصدیق کرسکتا ہے کہ یہ انتہائی گھٹیا اور احمقانہ مذاق واقعی میں اقوامِ متحدہ کی طرف سے کیا گیا ہے؟”

اداکارہ نے مزید کہا کہ “کیا یہاں کوئی مقابلہ ہورہا ہے کہ غزہ کے بچوں اور شہریوں کے ساتھ بدترین سلوک کرنے میں کون سی تنظیم سب سے زیادہ نیچے گر سکتی ہے؟”
واضح رہے کہ غزہ میں لاکھوں افراد بجلی، پانی اور خوراک کے بغیر زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، اسرائیل کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کی وجہ سے غزہ میں صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔

غزہ میں 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک اسرائیل کے حملوں میں اب تک 17 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں