کوالالمپور: جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں اسپین نے پاکستان کو 2-4 سے شکست دے دی۔
ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں جاری جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میچ میں عالمی رینکنگ نمبر 6 اسپین نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے ی۔
کھیل کے پہلے ہاف کے 12ویں منٹ میں پاکستان کے کپتان عبدالحنان شاہد نے فیلڈ گول اسکور کرکے پہلے ہاف کے اختتام تک پاکستان کو ایک گول کی برتری دلادی۔
کھیل کے دوسرے ہاف کے37 ویں منٹ میں اسپین کے کھلاڑی پال،38ویں منٹ میں ایلیکس اور 41 ویں منٹ میں پابلو نے گول اسکور کرکے اسپین کو تین کے مقابلے میں ایک گول کی برتری دلادی۔
بعد ازاں 43 ویں منٹ میں پاکستان کے محمد سفیان خان نے پینلٹی کارنر کے ذریعے گول کیا جبکہ 45ویں منٹ میں اسپین کے پال نے اپنا دوسرا گول اسکور کرکے اسپین کو 2-4 سے برتری دلاکر کوارٹر فائنل میں فتح حاصل کرلی۔
اسپین عالمی رینکنگ میں نمبر 6 اور پاکستان 12ویں پوزیشن پر یے۔ پاکستان نے 14 سال کے طویل عرصے بعد جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔