زوہاب خان کا اپنی ساتھی اداکارہ سے شادی کا اعلان

کراچی: بطورِ چائلڈ آرٹسٹ اپنے کریئر کی شروعات کرنے والے نوجوان پاکستانی اداکار زوہاب خان نے اپنی ساتھی اداکارہ وانیہ ندیم سے شادی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

زوہاب خان نے حال ہی میں میٹا ٹینمنٹ نامی یوٹیوب چینل کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی شادی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اپنی ہونے والی دلہنیا کا نام بتایا۔

پوڈ کاسٹ کے میزبان اذلان شاہ نے زوہاب خان کی شادی سے متعلق سوال پوچھا جس پر اداکار نے کہا کہ “میں اگلے تین ماہ یا ایک ماہ کے اندر بھی شادی کرسکتا ہوں لیکن کیریئر کی وجہ سے اگلے تین سال بعد شادی کرنے کا ارادہ ہے”۔
زوہاب خان نے کہا کہ “میں نے اپنی زندگی میں کچھ اہداف حاصل کرنے ہیں، جس کے لیے خود کو تین سال کا وقت دیا ہے لیکن وہ اگر اہداف اگلے تین یا چاہ ماہ میں حاصل کرلیے تو فوراََ شادی کرلوں گا”۔

22 سالہ زوہاب خان نے اپنی ہونے والی دلہنیا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ “میں اپنی ساتھی اداکارہ وانیہ ندیم سے شادی کررہا ہوں، وانیہ تو شادی کے لیے تیار ہیں، وہ تو آج ہی مجھ سے شادی کرلیں لیکن میں نے اُنہیں فی الحال کیریئر پر توجہ دینے کا مشورہ دیا ہے”۔

اداکار نے مزید کہا کہ “والد کے انتقال کے بعد میرے بڑے بھائی اور مجھ پر جلد ہی گھر کی ذمہ داریاں آگئی تھیں، انہی ذمہ داریوں کی وجہ سے ابھی شادی نہیں کرسکتا”۔

واضح رہے کہ زوہاب خان کی ہونے والی دلہنیا وانیہ ندیم معروف ٹک ٹاک اسٹار ہیں جبکہ اُنہوں نے حال ہی میں اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں