اسٹمپنگ ریویو کے قانون میں تبدیلی کردی گئی

لاہور: آئی سی سی نے اسٹمپنگ ریویو کے قانون میں تبدیلی کردی جب کہ فیلڈ امپائر صرف بیٹر کی کریز پوزیشن چیک کرواسکے گا۔

کرکٹ میں فیلڈنگ سائیڈ کی طرف سے اسٹمپنگ کی اپیل پر اپنا شک دور کرنے کیلیے آف فیلڈ امپائر تھرڈ امپائر سے رجوع کرتا تو وکٹوں کے پیچھے کیچ سمیت دیگر نوعیت کے آؤٹ بھی چیک ہوجاتے تھے، یوں ریویو لیے بغیر بھی بولر کو وکٹ حاصل کرنے کا موقع مل جاتا، البتہ یکم دسمبر سے اس قانون میں تبدیلی کردی گئی ہے۔

اب اگر فیلڈ امپائر تھرڈ امپائر سے رائے طلب کرتا ہے تو وہ صرف اسٹمپنگ کے حوالے سے فیصلہ کرے گا، کسی اور نوعیت کا آؤٹ ہوا بھی تو فیصلہ بولنگ سائیڈ کے حق میں نہیں دیا جائے گا،اس کیلیے ریویو لینا پڑے گا۔

آئی سی سی ذرائع کے مطابق آن فیلڈ امپائر اسٹمپنگ چیک کرتا تو بولنگ سائیڈ کو مفت کا ریویو مل جاتا،اب اس حوالے سے سیدھا اور واضح قانون متعارف کروا دیا گیا جس میں صرف سائیڈ اینگلز سے دیکھا جائے گا کہ اسٹمپنگ کے وقت بیٹر کریز کے باہر تھا یا نہیں۔

ایک اور قانون تبدیل کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ اگر کوئی ایسا کھلاڑی کنکشن کا شکار ہو جس کو اس وقت بولنگ سے معطل کیا گیا ہو تو اس کی جگہ لینے والے کو بھی بولنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔

کسی انجری کی صورت میں پلیئر کو طبی امداد یا میدان سے باہر لے جانے کا فیصلہ کرنے کیلیے 4منٹ کا وقت دیا جائے گا،ٹی وی امپائر اب صرف فرنٹ فٹ ہی نہیں ہر قسم کی نوبال چیک کرسکے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں