معروف امریکی یوٹیوبر نے پولیس اہلکار کی ریٹائرمنٹ کو یادگار بنادیا

سینٹ لوئس: امریکا کے معروف یوٹیوبر نے ریٹائر ہورہے ایک پولیس اہلکار کو ہیلی کاپٹر کی سواری کراکر ان کی ریٹائرمنٹ کو یادگار بنادیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ریٹائر ہونے والے پولیس اہلکار کے لیے امریکی یوٹیوبر Mattylp کا شاندار کارنامہ انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہا ہے۔ صرف یوٹیوب پر اسے 7 لاکھ سے زائد ویوز مل چکے ہیں۔

یوٹیوبر نے اپنے یوٹیوب چینل Mattylp پر ویڈیو شیئر کی اور کہا کہ انہیں پولیس کی جانب سے کال موصول ہوئی جس میں ان سے شہر سینٹ لوئس میں آکر ایک خصوصی درخواست پوری کرنے کا کہا گیا۔ یوٹیوبر نے کہا کہ جب تک وہ وہاں نہیں گئے تھے، تب تک اس درخواست کو صیغہ راز میں رکھا گیا تھا اور انہیں بس بلایا گیا تھا۔

جب وہ سینٹ لوئس میں پہنچے تب انہیں پتہ چلا کہ سینٹ لوئس پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ایک پولیس اہلکار ٹونی ریٹائر ہونے والے ہیں اور پولیس ڈیپارٹمنٹ ان کی ریٹائرمنٹ سے پہلے آخری دن انہیں ایک یادگار ہیلی کاپٹر کی سواری کرانا چاہتے ہیں۔

یوٹیوبر نے بتایا کہ جس وقت ریٹائر ہونے والے پولیس اہلکار نے ہیلی کاپٹر کی سواری کی وہ خوشی اور تشکر سے سرشار ہوگئے۔ پولیس اہلکار نے ہیلی کاپٹر سے اپنی آخری ریڈیو کال بھی کی اور انہوں نے یوٹیوبر کے ساتھ کئی یادگار واقعات بھی شیئر کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں