عامر خان کی بیٹی ارا کی شادی کا کارڈ منظرِ عام پر

راجھستان: بالی ووڈ سُپر اسٹار عامر خان کی بیٹی ایرا خان نے اپنی شادی کا کارڈ سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ارا خان اور اُن کے ہندو شوہر نوپور شیکھرے نے 4 جنوری کو ممبئی میں ایک تقریب کے دوران اپنی شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پردستخط کیے تھے جس کے بعد اب اس جوڑی کی شادی کی تقریبات 8 سے 10 جنوری تک راجھستان کے شہر اودے پور میں منعقد کی جائیں گی۔

عامر خان اپنے خاندان کے ہمراہ 5 جنوری کو ہی اودے پور پہنچ گئے تھے اور آج سے اُن کی بیٹی ارا خان کی شاہی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگا، ایسے میں ارا خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری میں اپنی شادی کا کارڈ شیئر کیا ہے۔

دعوت نامے کے مطابق، آج 8 جنوری کو صبح 11 بجکر 30 منٹ پر ارا خان اور نوپور شیکھرے کا مہندی برنچ ہوگا جبکہ رات 10 بجے، جوڑے نے اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے لیے پاجامہ پارٹی کا اہتمام کیا ہے۔

9 جنوری کو ارا خان اور نوپور شیکھرے کی سنگیت کی رسم ہوگی جبکہ 10 جنوری کو شام 4 بجے اس جوڑے کی شادی ہوگی۔

ارا خان اور نوپور شیکھرے کی شاہی شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لیے اودے پور کے تاج اراولی ہوٹل میں 176 کمرے بک کرائے گئے ہیں، اس شاہی شادی میں تقریباً 250 افراد کی شرکت متوقع ہے جن میں بالی ووڈ ستارے اور معروف شخصیات بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں دو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی شادی کے لیے خصوصی رجسٹریشن کی جاتی ہے اس کے بعد جوڑے اپنی اپنی روایات کے مطابق شادیاں کرسکتے ہیں۔

ارا خان کے شوہر ان کے اور ان کے والد عامر خان کے بھی فٹنیس ٹرینر رہے ہیں۔ نوپور شیکھرے نے تعلیم مکمل کرنے کے بعد سلیبرٹی فٹنیس ٹرینر کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا اور وہ اتنی دولت و ملکیت کے مالک نہیں جتنی ارا خان ہیں۔ ارا خان عامر خان کی اکلوتی بیٹی ہیں جو ان کی پہلی بیوی رینا دتا سے ہیں جو کہ ہندو مذہب سے تعلق رکھتی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں