جو ہر بار ناکام وزیراعظم رہے اسے کس خوشی میں چوتھا موقع دیا جائے، بلاول

بدین: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک شخص جس کے پاس نہ نظریہ ہے اور نہ منشور وہ چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہتا ہے جو ہر بار ناکام رہا اسے کس خوشی میں چوتھی بار بھی وزیراعظم بننے کا موقع دیا جائے۔

بدین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ آٹھ فروری کو عوام کے ذریعے حکومت بنائیں گے عوام ہمیں ووٹ دے تاکہ ہم اپنی حکومت بناسکیں، پیپلز پارٹی ملک بھر میں جدوجہد کررہی ہے اور ہم نے چاروں صوبوں کے عوام کو اپنا منشور پیش کردیا ہے اقتدار میں آکر ہم اپنے دس نکاتی منشور پر عمل کریں گے، ہم مستحق افراد کو تین سو یونٹ بجلی فری دیں گے اور تنخواہوں کو دگنا کردیں گے۔

بلاول نے کہا کہ ایک شخص جس کے پاس نہ نظریہ ہے اور نہ منشور وہ چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہتا ہے جب بھی اسے وزیراعظم بنایا گیا تو ملک کا نقصان ہوا، ہم عوام کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں اور وہ سازشوں پر یقین رکھتے ہیں، ہم عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور وہ عوام پر راج کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں ںے کہا کہ وہ جو سیاست کررہے ہیں وہ نفرت کی سیاست کررہے ہیں جس سے پاکستان کو نقصان پہنچ رہا ہے مگر انہیں اس کی کوئی فکر نہیں اگر فکر ہے تو صرف چوتھی بار وزیراعظم بننے کی اور ہمیں ہمیں پاکستان کے معاشی بحران، مہنگائی اور بے روزگاری کی فکر ہے۔

انہوں ںے کہا کہ یہ وہ شیر ہے جو عوام کا خون چوستا ہے اس نے ہر بار آکر پاکستان کا نہیں بلکہ عوام کا نقصان کیا، پی پی کا مقابلہ مسلم لیگ ن سے ہے اس الیکشن میں صرف دو جماعتیں ہیں جن کا مقابلہ ہے، عوام کو دعوت ہے کہ ہمارا ساتھ دیں تو ہم تیر کے ذریعے اس شیر کا شکار کریں گے اور اس شخص کو چوتھی بار وزیراعظم نہیں بننے دیں گے۔

بلاول نے کہا کہ ایک شخص کو ایک بار موقع ملے اور وہ ناکام رہے پھر اسے دوسرا اور تیسرا موقع ملے تب بھی وہ ناکام رہے تو اسے کس خوشی میں چوتھا موقع دیا جائے؟ اس ملک کو نوجوان قیادت کی ضرورت ہے اگر میں وزیراعظم بنا تو اپنے منشور کے دس نکات پر ضرور عمل کروں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں