بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک اور بنگلادیشی شہری جاں بحق

سری نگر: بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے بنگلادیشی سرحد کے نزدیک ایک نہتے شہری کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج کی جارحیت کا ایک اور واقعہ سرحد کے قریب واقع بکشمول یونین کے گاؤں جامتلہ کے قریب ستون نمبر 66 کے قریب پیش آیا۔

بکشمول یونین پریشد کے چیئرمین عبدالکریم نے بتایا کہ لاش ابھی بھی سرحد پر خاردار تار کے پاس پڑی ہے اور بھارتی فوجی لاش کو اُٹھانے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔

بنگلا دیش کے بارڈر گارڈ کمانڈر اے ایم جابر بن جبار نے میڈیا کو بتایا کہ مقتول کی شناخت 50 سالہ انور حسین کے نام سے ہوئی۔ جو میرپور گاؤں کا رہائشی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : بھارتی فوج کی سرحد پر فائرنگ؛2 بنگلادیشی نوجوان جاں بحق

تاحال بھارتی فوج کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا جب کہ واقعے کی وجہ کا تعین بھی نہیں ہوسکا لیکن بھارتی فوجی ماضی میں ہونے والے ایسے واقعات کو مویشیوں کی اسمگلنگ کا شاخسانہ قرار دیتے آئے ہیں۔

کمانڈر اے ایم جابر بن جبار کے بقول اس معاملے پر بھارتی فوج سے احتجاج کیا گیا اور معاملہ بارڈر سیکیورٹی کی فورس مشترکہ میٹنگ میں اُٹھایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس بھارتی فوج کی سرحد پر فائرنگ سے ہلاک ہونے والے بنگلادیشی شہریوں کی تعداد 10 سے تجاوز کرگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں