کراچی: سپرہائی وے الاصف اسکوائر پنجاب بس اڈے کے قریب کچرا کنڈی سے ملنے والی نوجوان کی لاش کو شناخت کرلیا گیا جسے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔
ایس ایچ او سچل اورنگزیب خٹک کے مطابق مقتول کی شناخت 18 سالہ ارمان ولد انور کے نام سے کی گئی جو کہ سچل ہی کے علاقے پیرا ڈائز بیکری کے قریب قائم پاک اسکوائر کا رہائشی تھا اور اتوار کی شب نیو ایئر منانے کے لیے دوستوں کے ہمراہ گیا تھا جس کے بعد پیر کی صبح اس کی پنجاب بس اڈے کے قریب سے لاش ملی تھی۔
مقتول کے اہلخانہ اس کی گمشدگی لکھوانے تھانے آئے تھے جہاں انھوں لاش کی تصویر دیکھ کر اسے شناخت کرلیا۔
مقتول کے دوستوں کا کہنا تھا کہ وہ رات کو ہی واپس گھر آگئے تھے اس کے بعد کا پتہ نہیں کہ ارمان کہاں گیا تھا۔
پولیس کے مطابق مقتول ارمان کے والد انور کو بھی چند سال قبل پیراڈائز بیکری کے قریب قتل کیا گیا تھا تاہم پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے اورجلد ہی قتل کا معمہ حل کرلیا جائیگا ۔