لاہور: ایف آئی اے کا جعلی ڈپٹی ڈائریکٹر کروڑوں روپے کی لوٹ مار کے بعد بالآخر پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔
پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے کا ڈپٹی ڈائریکٹر بن کر لوگوں کو بھرتی کرانے کے نام پر لوٹ مار کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ریکارڈ چیک کرنے پر پتا چلا کہ قصور کا رہائشی ملزم محمد جاوید ڈپٹی ڈائریکٹر نہیں ہے۔
ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ وہ اپنے علاقے میں بھی اپنا تعارف بطور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ہی کراتا تھا اور اب تک ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے بن کر شہریوں سے کروڑوں روپے بٹور چکا ہے۔ ملزم لوگوں سے لوٹی ہوئی رقم سے بڑی گاڑیاں رینٹ پر لیتا اور اگلے شکار کو نکل پڑتا تھا۔
ملزم کا ریکارڈ چیک کرنے پر پتا چلا کہ اس کے خلاف لاہور ٹاؤن شپ، نواں کوٹ کے علاوہ اوکاڑہ، سرگودھا، چونیاں میں کروڑوں روپے بٹور نے کی کے مقدمات درج ہیں، جن میں وہ عرصہ دراز سے اشتہاری ہے۔
سندر پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا ہے.