وٹامن ڈرپس سے جوان اور گورا ہونے کا جنون خطرناک ہو سکتا ہے،مشی خان

اداکار و میزبان اور سماجی کارکن مشی خان نے حالیہ دنوں میں بڑھتے ہوئے کاسمیٹک طریقہ علاج پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

مشی خان نے حال ہی میں بھارتی اداکارہ شفالی جریوالہ کی اچانک دل کا دورہ پڑنے سے ہونے والی موت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ موت کی اصل وجہ سامنے نہیں آئی، لیکن ایسی افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ انہوں نے جوان رہنے کیلئے انجیکشنز استعمال کیے تھے، جو ان کی صحت پر اثر انداز ہوئے۔

اداکارہ نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بغیر تحقیق کے صرف خوبصورتی کے نام پر اپنے جسم پر تجربات نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کل لوگ (شوبز شخصیات) وٹامن ڈرپس اور گلوٹاتھیون جیسی کیمیکل ڈرپس کا سہارا لے رہے ہیں، جو طویل مدتی نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خوبصورتی کے لیے کورین گلاس اسکن یا سفید رنگ حاصل کرنے کی کوششیں ترک کریں۔ اس کے بجائے متوازن غذا کھائیں اور ورزش کو معمول بنائیں۔

ان کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے مشی کی بات سے اتفاق کیا جبکہ بعض نے شفالی زری والا کی موت کو بیوٹی ٹریٹمنٹ کروانے والوں کیلئے ایک خوفناک مثال قرار دیا۔

مشی خان نے شوبز شخصیات سمیت عام لوگوں کو مشورہ دیا کہ قدرتی خوبصورتی کو اپنائیں اور مصنوعی طریقوں سے پرہیز کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں