اے این ایف آپریشن؛ انتہائی خطرناک نشہ آور گولیوں کی بھاری کھیپ پکڑی گئی

پشاور: اینٹی نارکوٹکس فورس کی ایک کارروائی میں انتہائی خطرناک نشہ آور گولیوں کی بھاری کھیپ پکڑی گئی۔

ترجمان کے مطابق اے این ایف کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں پشاور کے چرگانوں چوک سے چارسدہ منشیات لے جانے والا منشیات فروش گرفتار کرلیا گیا، جس کی نشاندہی پر ایک خفیہ گروہ کے خلاف اسٹنگ آپریشن کیا گیا۔

گرفتار ملزمان میتھ ایمفیٹامائن سے تیار کرد ہ منشیات کی پراسیسنگ اور برانڈنگ میں ملوث ہیں۔ آپریشن کے نتیجے میں منشیات کا ایک اور سپلائی کنندہ گرفتار ہوا، جس کے قبضے سے 7500 عدد نفسیاتی محرک گولیاں (پی ایس پی) قبضے میں لی گئیں۔
کارروائی کے دوران 300 گرام میتھ ایمفیٹامائن اور 1 میٹرک ٹن سے زیادہ مائع اور پاؤڈر کیمیکل بھی برآمد کیا گیا۔ گرفتار ملزمان ملک بھر کے اہم شہروں میں ان نئی قسم کی گولیوں کی مارکیٹنگ میں مصروف تھے۔ خاص طور پر تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کو نشانہ بنا رہے تھے۔

ترجمان کے مطابق اس میں شامل میتھ ایمفیٹامائن صحت پر سنگین نتائج مرتب کرتی ہے۔ اے این ایف کے کامیاب آپریشن سے پی ایس پی نامی اس نئی منشیات کی سپلائی چین کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں