تربت میں پاک بحریہ کے ایئر بیس پر حملہ ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک، سپاہی شہید

سیکیورٹی فورسز نے تربت میں پاک بحری کے ایئر بیس پی این ایس صدیق پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 25 اور 26 مارچ کی درمیانی شب دہشت گردوں نے پی این ایس صدیق پر حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے موثر جواب دیتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

بحری دستوں کی مدد کے لیے ارد گرد میں موجود سیکیورٹی فورسز کو فوری طور پر متحرک کیا گیا، مسلح افواج کے موثر جواب کے بعد مشترکہ کلیئرنس آپریشن میں چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران، فرنٹیئر کور بلوچستان کے سپاہی نعمان فرید نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ شہید کی عمر 24 سال اور مظفر گڑھ کا رہائشی تھا۔

علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے تربت نیول ایئر بیس پر دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے دہشتگرد جہنم واصل ہوئے اور ہم ایک بڑے نقصان سے بچ گئے، ہم دہشت گردی کی عفریت کو کچلنے کے لیے پر عزم ہیں جبکہ پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں