لٹل اسٹارز بھی زمبابوے میں جگمگانے کو بے قرار

کراچی (جرات نیوز)لٹل اسٹارز بھی زمبابوے میں جگمگانے کو بے قرار ہیں، دوسرے ٹیسٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا، سابق کپتان رمیز راجہ کہتے ہیں کہ آسان حریف کے خلاف نئے پلیئرز کو میدان میں اتارنا چاہیے، امید ہے کہ دوسرے میچ میں شاہنواز دھانی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے کو صرف 3 روز کے اندر ایک اننگز اور 116 رنز سے مات دی، حریف سائیڈ کی جانب سے دونوں اننگز میں کسی بھی قسم کی مزاحمت دکھائی نہیں دی۔ اب پاکستان کی نگاہیں دوسرے ٹیسٹ میں فتح کی صورت میں کلین سوئپ پر مرکوز ہیں جبکہ بنچ پر بیٹھے نوجوان کھلاڑی بھی زمبابوے میں جگمگانے کو بے قرار ہیں، سابق کرکٹرز بھی ان کو میدان میں اتارنے کے حق میں ہیں، ان کی جانب سے نئے کھلاڑیوں کو آسان حریف کے خلاف موقع دینے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے۔سابق کپتان رمیز راجہ کہتے ہیں کہ اگلے میچ میں لازمی طور پر نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہیے، مجھے امید ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں شاہنواز دھانی ایکشن میں دکھائی دیں گے، بیٹنگ اور بولنگ ڈپارٹمنٹ میں ایک دو مزید تبدیلیاں بھی کی جاسکتی ہیں، یہ یکطرفہ سیریز ثابت ہونے والی ہلے اور پاکستان کو اگلا میچ بھی 3 سے 4 دن کے اندر ہی ختم کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں