آسٹریلیا کو آخری ٹی20 میں بھی شکست، ویسٹ انڈیز نے سیریز 4-1 سے جیت لی

ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دیکر سیریز چار ایک سے اپنے نام کر لی۔گروس آئی لیٹ میں کھیلے گئے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز اسکور بورڈ پر سجائے اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایون لیوائس نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 34 گیندوں پر 9 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 79 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ لیوائس سب سے کم میچز میں 100 ٹی ٹوئنٹی چھکے مارنے والے کھلاڑی بھی بن گئے، انہوں نے صرف 42 اننگز میں چھکوں کی سنچری مکمل کی۔ اس سے قبل یہ اعزاز گرس گیل کے پاس تھا جو انہوں نے 49 میچز میں بنایا تھا۔
میزبان ٹیم کی جانب سے کپتان نکولس پورن نے 31 جبکہ گرس گیل اور لینڈل سمنز نے 21، 21 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزلوڈ نے 3 جبکہ ایڈم زمپا اور جیسن بہرنڈروف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں کوئی بھی آسٹریلین بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نا دکھا سکا، کپتان ایرون فنچ 34 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ دیگر مچل مارش نے 30، میتھیو ویڈ نے 26 اور موزس ہینرکس نے 21 رنز اسکور کیے۔آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنا سکی اور میچ میں اسے 16 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں