زرین عمر کا اسپتال میں عمر شریف سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے کا عزم

کراچی: پاکستان کے لیجنڈ کامیڈین اور سینئر اداکار عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ کی ہے جس میں انہوں نے اپنے شوہر سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔دل کے عارضے میں مبتلا اداکار عمر شریف کی طبیعت کافی دنوں سے خراب ہے۔ سوشل میڈیا پر اسپتال سے وائرل ہونے والی تصویر میں عمر شریف بہت زیادہ کمزور نظر آرہے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی اہلیہ زرین عمر نے اپنے شوہر کے علاج کے لیے حکومت سے ایئر ایمبولینس اور ویزا وغیرہ کے انتظامات کرنے کی درخواست بھی کی تھی تاکہ عمر شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک لے جایا جاسکے۔اسی سلسلے میں زرین عمر نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر عمر شریف کے ہمراہ اپنی ایک خوبصورت تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے انتہائی جذباتی پیغام تحریر کیا۔
زرین عمر نے لکھا ’’مانگا ہے اللہ سے تمہیں میری جان بھی جائے تو پرواہ نہیں۔ اسپتال میں جو وعدہ کیا ہے تم سے سب جلدی ارینج کرلوں گی انشااللہ‘‘۔ اس پوسٹ میں زرین، عمر شریف کے علاج سے متعلق انتظامات کے بارے میں بات کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔زرین عمر کی اس پوسٹ پر لوگ تبصرے کرتے ہوئے عمر شریف کی جلد صحت یابی اور لمبی عمرکے لیے دعائیں کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت کی جانب سے عمر شریف کے علاج کے لیے رقم جاری کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور محکمہ خزانہ کی جانب سے رقم کے اجرا کے لیے باضابطہ حکم نامہ جاری کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ سندھ حکومت نے عمر شریف کے علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کا بندوبست بھی کیا جس کے لئے 4 کروڑ روپے کی رقم محکمہ صحت کو جاری کردی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں