’’میرے پاس تم ہو‘‘ کو بھارت میں کاپی کرنے پر صارفین کے سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

کراچی: پاکستان کے مقبول ترین ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کو بھارت میں کاپی کیے جانے پر سوشل میڈیا صارفین حیرانی کا اظہار کرنے کے ساتھ کافی دلچسپ تبصرے بھی کررہے ہیں۔بالی ووڈ میں پاکستان کے مشہور گانوں اور فلموں کو چرا کر ان کی ہوبہو نقل کرنا کوئی نئی بات نہیں۔ بھارتی فلمساز، پروڈیوسرز اور موسیقار بہت لمبے عرصے سے یہ غیراخلاقی کام کرتے آرہے ہیں اور اپنے اس عمل پر شرمندہ بھی نہیں ہوتے۔
پاکستان کے مشہور گانوں، فلموں اور کئی سپر ہٹ ڈراموں کو نہایت بے باکی سے نقل کرنے کے بعد ایک بار پھر بھارت میں پاکستان کے مقبول ترین ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کو کاپی کرکے ’’کامنا‘‘ نامی ڈراما بنایا گیا ہے، جو ہو بہو’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی نقل ہے۔ ڈرامے کا ٹریلر دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین حیران ہونے کے ساتھ ساتھ بھارتی ڈراما ساز پر تنقید بھی کررہے ہیں۔بھارتی ڈرامے ’’کامنا‘‘ کے ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ ڈرامے کی اسٹوری لائن، ڈائریکشن اور یہاں تک کہ کردار بھی ہو بہو ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ سے کاپی کیے گئے ہیں۔
بھارتی ڈرامے کی کہانی پاکستانی ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کے مرکزی کرداروں دانش جو کہ ایک محنتی اور اپنی بیوی سے محبت کرنے والا شوہر ہے، مہوش جو کہ ضرورت سے زیادہ خواہشات کرنے والی بیوی ہے اور شہوار جو دانش کی بیوی کی خوبصورتی پر فدا ہوجاتا ہے کے گرد گھومتی ہے۔
یہاں یہ بات دلچسپ ہے کہ بھارت میں پاکستانی ڈرامے کو کاپی کیے جانے کا الزام صرف پاکستانی ہی نہیں لگارہے بلکہ خود بھارتی شائقین نے بھی کہنا شروع کردیا ہے کہ ڈراما ’’کامنا‘‘ پاکستانی ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو ‘‘ کی کاپی ہے جسے وہ پہلے ہی یوٹیوب پر دیکھ چکے ہیں۔
آئیے دیکھتے ہیں صارفین ان دونوں ڈراموں کی بے تحاشہ مماثلت کے بارے میں سوشل میڈیا پر کیا کہہ رہے ہیں۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے ڈرامے ’’کامنا‘‘ کا ٹیزر دیکھ کر کہا یہ ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کا انڈین ورژن ہے۔ ایک صارف نے نہایت حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کیا صرف میں ہی ہوں جسے لگتا ہے کہ یہ ڈراما ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کا ری میک ہے۔ جب کہ اس صارف نے بھارتی ڈراموں کی طوالت پر طنز بھی کیا اور کہا کہ 25 اقساط کی کہانی کو 200 اقساط تک کھینچا جائے گا۔
سروج نامی صارف نے کہا امید ہے کہ بھارتی ڈراما ساز پاکستانی ڈرامے کا لیول میچ کرسکیں۔ ایک اور صارف نے کہا ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی ہو بہو کاپی۔۔ بھارت مسلسل نیچے گرتا جارہا ہے۔
ایک صارف نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’’نام بھی میرے پاس تم ہو‘‘ ہی رکھ لیتے۔ تو ایک صارف نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی ڈراما تو بلاک بسٹر تھا لیکن بھارتی ڈراما ’’کامنا‘‘ کبھی ختم نہیں ہوگا کیونکہ یہ لوگ شو کو کئی سالوں تک چلائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں