کراچی:(روزنامہ جرأت) شہر قائد میں یومِ آزادی اسٹال پر فائرنگ کرنے والے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز ٹو میں یوم آزادی کے اسٹال پر فائرنگ کے واقعے میں 3 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔فائرنگ کے اس واقعے میں 35 سالہ امن ولد جاوید شدید زخمی ہوا تھا جو بعد ازاں دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول امن کو اس کی بیوی اور بچوں کے سامنے قتل کیا گیا۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کو کاز وے سے گرفتار کیا گیا، جن کی شناخت ظفر علی، فراز ، سجاد احمد کے نام سے کی گئی ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے 3 ہینڈ گرینیڈ اور پستول بھی برآمد ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ایس آر اے سے ہے۔ گرفتار دہشت گردوں کو بیرون ملک مقیم ایک دہشت گرد ارسلان شاہ کی جانب سے یوم آزادی کے اسٹال پر فائرنگ کا ٹاسک دیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق کالعدم دہشت گرد تنظیم ایس آر اے کا عہدیدار بھارتی پراکسی کے کہنے پر سندھ میں دہشت گردی پھیلانے کے لیے کام کرتا تھا۔




