کراچی سے جدہ منشیات اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام

کراچی: ائرپورٹ سیکورٹی فورس نے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر کارروائی کرکے کراچی سے جدہ منشیات اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

ترجمان اے ایس ایف کے مطابق عملے نے جدہ جانے والے مسافر سے 1.901 کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی۔ مسافر ابرار راہول نے ہیروئن اپنے بیگ کے اندر صابن کی ٹکیوں میں نہایت مہارت سے چھپا رکھی تھی۔

تلاشی کے دوران ائرپورٹ سیکورٹی فورس اے کے عملے نے منشیات کی موجودگی کا پتا لگا لیا اور برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں اے این ایف کی منشیات اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ بھی ملک بھر میں جاری ہے، اس دوران 14 کارروائیوں میں 241 کلو سے زائد منشیات برآمد کرکے 5 خواتین سمیت 14 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ لاہور پر خاتون کے بیگ سے ایک کلو 942 گرام آئس برآمد کی گئی ہے۔ کراچی کی رہائشی ملزمہ پرواز نمبر GF-0767 کے ذریعے بحرین کے لیے روانہ ہو رہی تھی۔

دوسری جانب ملتان انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بذریعہ پرواز نمبر QR-617 قطر جانے والا مسافر خاتون سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ ساہیوال کے رہائشی ملزمان کے بیگ سے 855 گرام آئس برآمد کرلی گئی ہے۔ اُدھر باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ پر مسافر کے ٹرالی بیگ سے 995 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ پشاور کا رہائشی مُلزم پرواز نمبر QR-601 کے ذریعے دوحہ کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع 26 نمبر چونگی کے قریب ساہیوال کے رہائشی 2 ملزمان سے ایک کلو گرام آئس برآمد کرلی گئی۔ 26 نمبر چونگی کے قریب خاتون کے قبضے سے 500 گرام چرس اور 250 گرام آئس برآمد ہوئی۔

کراچی میں اورنگی ٹاؤن کے علاقے سے 2 خواتین کے قبضے سے 22 کلو 800 گرام چرس برآمد برآمد ہوئی۔ پتوکی ٹول پلازہ ملتان کے قریب گاڑی سے 9 کلو 600 گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کامل پور انٹرچینج فیصل آباد کے قریب بس میں سوار ملزم سے 3 کلو ہیروئن اور ایک کلو آئس برآمد ہوئی ہے۔

چراغ آباد انٹرچینج فیصل آباد کے قریب ٹرک سے 46 کلو 800 گرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ نجی بس کمپینی کے ٹرمینل اوکاڑہ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 3 کلو 600 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ اُدھر زخہ خیل خیبر میں 2 مختلف کاروائیوں کے دوران 19 کلو چرس برآمد ہوئی ہے۔

بلوچستان میں پنجگور کے غیر آباد علاقے میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 80 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ اس کے علاوہ پسنی روڈ تربت کے علاقے میں چھپائی گئی 50 کلو چرس برآمد ہوئی ہے۔

اے این ایف نے گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں