منشیات اسمگلنگ کیلیے خواتین کو استعمال کرنے کے رجحان میں اضافہ

راولپنڈی: منشیات کی اسمگلنگ کے لیے خواتین کو استعمال کرنے کے رجحان میں اضافہ ہو گیا ہے۔

اینٹی نارکوٹک فورس (اے این ایف) حکام کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 5 چھاپوں میں منشیات اسمگلنگ میں ملوث 6 خواتین کو گرفتار کرکے 26 کلوگرام سے زائد کی منشیات برآمد کر لی گئیں۔ گرفتار خواتین کا تعلق منشیات کی اسمگلنگ کرنے والے مختلف گروپوں سے ہے اور وہ بین الصوبائی اور بین الاقوامی سطح پر منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔

اے این ایف کے مطابق پشاور کی رہائشی امینہ نامی خاتون اسلام آباد سے گرفتارکرکے 500 گرام چرس اور 250 گرام آئس برآمد کی گئی۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کی رہائشی سمیرہ نامی ملزمہ عمان کے لیے روانہ ہورہی تھی کہ پیٹ سے ہیروئن بھرے 87 کیپسول برآمد ہوئے۔
ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرقطر کے لیے روانہ ہونے والے ساہیوال کی رہائشی اقصیٰ اور نور احمد کے بیگ سے 855 گرام آئس برآمد ہوئی جبکہ کراچی کی رہائشی ملزمہ سعدیہ کے بیگ سے ایک کلو 942 گرام آئس برآمد کی گئی۔

اے این ایف کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں کارروائی کے دوران 2 خواتین صائمہ اور شریفہ بی بی کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 22.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

اے این ایف حکام کا کہنا تھا کہ منشیات اسمگلنگ کے لیے خواتین کو استعمال کیا جانا خطرناک عمل ہے تاہم خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروکار لائے جارہے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں