لندن: عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان نے غزہ میں ایک ماہ کے دوران ہزاروں بچوں کی بمباری میں ہلاک ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کی پہلی اہلیہ جمائما خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ عراق میں 14 سال کی جنگ (2008-2022) میں جتنے بچے ہلاک ہوئے تھے اس سے کہیں زیادہ غزہ میں صرف ایک ماہ کے دوران جاں بحق ہوگئے۔
جمائما نے مزید لکھا کہ غزہ میں جتنی تعداد میں بچے مارے جا رہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ غزہ میں بیسویں صدی میں کے دوران دنیا بھر میں ہونے والی تمام جنگوں کے مقابلے میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہے۔ جمائما نے اپنی ٹویٹ میں غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔
قبل ازیں اپنی ایک اور ٹوئٹ میں جمائما نے لکھا تھا کہ مجھے واقعی “اسرائیل کے حامی” یا “فلسطین کے حامی” کی اصطلاحات پسند نہیں کیونکہ یہ دونوں چیزیں نہ صرف باہمی طور پر منسلک ہیں بلکہ ایک دوسرے پر منحصر بھی ہیں۔