راولپنڈی؛ 25 کروڑ تاوان کیلیے اغوا شہری بازیاب، 4 ملزمان گرفتار

راولپنڈی: پولیس نے 25 کروڑ روپے تاوان کے لیے اغوا کیے گئے شہری کو بازیاب کروا کر 4 ملزمان گرفتار کرلیے۔

تھانہ روات راولپنڈی کے علاقے میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے 25 کروڑ روپے تاوان کے لیے شہری کو اغوا کیا گیا تھا جب کہ پراپرٹی کا کاروبار کرنے والے شہری کے اہل خانہ اغوا کاروں کو 15 کروڑ روپے تاوان ادا بھی کر چکے تھے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی کو بازیاب کروا کر 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

اغوا کے ملزمان نے 15 کروڑ روپے وصول کرنے کے باوجود مغوی کو نہیں چھوڑا اور مزید 10 کروڑ روپے کا مطالبہ کرنے لگے۔ اسی دوران راولپنڈی پولیس کی ٹیم نے انٹیلی جنس اداروں کی معاونت سے سراغ لگاکر مغوی کو بہ حفاظت بازیاب کروا لیا۔
کارروائی کے دوران مرکزی ملزم پائیو دین خان ساتھیوں سمیت روپوش ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جب کہ رہائی کے بعد مغوی اسماعیل کا ویڈیو بیان بھی سامنے آ گیا، جس میں مغوی پولیس افسران اور ٹیم کو خراج تحسین پیش کررہا ہے۔ ویڈیو میں بازیاب ہونے والے شہری نے تاوان کے لیے ادا کی گئی 15 کروڑ روپے کی رقم بھی برآمد کرنے کا مطالبہ کیا۔

رئیل اسٹیٹ کا کام کرنے والے شہری اسماعیل کو نومبر کے وسط میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے اغوا کیا گیا تھا، جس کا مقدمہ مغوی کی اہلیہ کے بیان پر درج تھا۔ پولیس کے مطابق اغوا برائے تاوان کی واردات میں مرکزی ملزمان کے 4 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیاگیا ہے جب کہ مرکزی ملزم پائیو دین خان سمیت دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں