شارع فیصل پر عمارت میں چند گھنٹوں بعد دوبارہ لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا

کراچی: شارع فیصل پر پارسا ٹاور میں ایک مرتبہ پھر بھڑکنے والی آگ پر بدھ کی صبح 7 بجے قابو پالیا گیا۔

ٹیپوسلطان تھانے کی حدود پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 مین شارع فیصل پارسا ٹاور میں منگل کی شب 9 بجے لگنے والی آگ پر رات 12 بجے قابو پالیا گیا تھا، تاہم منگل اور بدھ کی درمیانی شب آگ ایک مرتبہ پھر بھڑک اٹھی تھی ، جس پر فائربریگیڈ کے عملے نے صبح 7 بجے قابو پایا۔

چیف فائر آفیسر اشتیاق احمد خان کا کہنا تھا کہ عمارت میں رات ایک بجے کے بعد کولنگ کےعمل کے بعد دفاترکے لوگ اندر داخل ہوگئے تھے ، دفاتر اور سامان چیک کرنے کے لیے جانے والے افراد نے کھڑکی دروازے کھولے تو ہوا کے باعث کسی شعلے نے آگ دوبارہ بھڑکا دی ، جس کے بعد عمارت میں جانے والے افراد پھنس گئے، جنہیں ریسکیو کرلیا گیا اور عمارت کی آٹھویں ، نویں منزلوں پر شعلوں کو بجھا دیا گیا۔
ترجمان فائربریگیڈ کے مطابق آگ پر دوبارہ قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ دوبارہ آگ لگنے پر ایک اسنارکل اور 7 فائرٹینڈر نے بجھانے کے کام میں حصہ لیا ۔ حفاظتی اقدامات کے تحت 2 سے 3 فائرٹینڈرز بدھ کو پورار دن موقع پر رہیں گے۔

قبل ازیں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شارع فیصل پر آگ سے متاثرہ عمارت کا دورہ کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ چھت سے 3 افراد کو ریسکیو کیا گیا جب کہ صورتحال کنٹرول میں ہے۔ تمام چیزوں کا معائنہ کیا جا رہا ہے ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائر ڈک میں اسپارکنگ سے آگ لگی تھی جس پر قابو پالیا گیا ہے ۔ آگ سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں