این اے 83 اور 85 سرگودھا میں انتخابات ملتوی کرنے کے نوٹیفکیشن منسوخ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 83 اور این اے 85 میں انتخابات ملتوی کرنے کے ریٹرننگ افسران کے نوٹیفکیشن منسوخ کر دیے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ دونوں حلقوں میں انتخابات ہوں گے اور انتخابی عمل جاری رکھا جائے۔

الیکشن کمیشن میں این اے 83 اور این اے 85 سرگودھا میں امیدوار فوت ہونے پر انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار اور ن لیگ کے امیدوار ذوالفقار علی بھٹی نے الیکشن کمیشن میں پیش ہوکر بتایا کہ وفات پانے والے امیدوار کا ڈیتھ سرٹیفیکیٹ 15 جنوری کا ہے، جبکہ تحقیقات کرنے پر پتا چلا کہ صادق علی کی وفات 2 جنوری کو اور 3 جنوری کو نماز جنازہ ہوئی، اس معاملہ میں جعل سازی کی گئی ہے۔

ڈی آر او سرگودھا نے کہا کہ انکوائری میں ثابت ہو گیا ہے کہ صادق علی کی وفات 2 جنوری کو ہوئی ہے۔

ریٹرننگ افسر این اے 85 نے بتایا کہ ہمیں جعلی ڈیٹھ سرٹیفکیٹ فراہم کیا گیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری یونین کونسل کے خلاف ڈی سی سرگودھا کو کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے انتخابات ملتوی کرنے کے ریٹرننگ افسران کے نوٹیفکیشن منسوخ کر دیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں