عمران خان کے جیل ٹرائل پر فوری حکمِ امتناع کی استدعا مسترد

اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ اور توشہ خانہ نیب کیسز میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے جیل ٹرائل پر فوری حکمِ امتناع کی استدعا مسترد کر دی۔

بانی پی ٹی آئی کی نیب کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی تو چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بہتر ہے ٹرائل میں کوئی خامی ہے تو اسے ابھی ٹھیک کر لیا جائے۔

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جا رہی ہے، گیارہ گواہوں کے بیانات قلمبند کر لیے گئے، استدعا ہے کہ آئندہ سماعت تک ٹرائل پر حکمِ امتناعی جاری کر دیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ابھی کونسا ٹرائل مکمل ہو رہا ہے، آئندہ سماعت پر دیکھ لیتے ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ وفاقی حکومت کا نوٹیفیکیشن قانون کے مطابق ہے؟

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو وفاقی حکومت کی رپورٹ کی کاپی شعیب شاہین کو فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ اگر عدالت ٹرائل کورٹ کی کارروائی پر حکم امتناع نہیں دے رہی تو سماعت کل رکھیں، جس پر عدالت نے کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں