سائیکلنگ یا تیراکی میں اضافہ پروسٹیٹ کینسر کے خطرات کو کم کرتا ہے، تحقیق

اسٹاک ہوم: ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ مرد حضرات جاگنگ، سائیکلنگ یا تیراکی کی مقدار میں اضافہ کرتے ہوئے پروسٹیٹ کینسر کے امکانات کو ایک تہائی سے زیادہ کم کر سکتے ہیں۔

برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق میں محققین نے بتایا کہ سالانہ کارڈیو ریسپائٹری فٹنس میں تین فی صد تک کا اضافہ اس بیماری میں مبتلا ہونے کے امکانات میں 35 فی صد کمی سے تعلق رکھتا ہے۔

سوئیڈن میں کیے جانے والے اس مطالعے میں محققین نے 57 ہزار 652 مرد حضرات کی جسمانی سرگرمی، قد اور باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) کا ان کی طرزِ زندگی، صحت اور گزشتہ کم از کم دو کارڈیو ریسپائٹری فٹنس ٹیسٹ کے ساتھ جائزہ لیا۔

سالانہ کارڈیو ریسپائٹری فٹنس ٹیسٹ میں سخت ورزش کے دوران جسم کی جانب سے استعمال کی گئی آکسیجن کی مقدار کی پیمائش بتائی جاتی ہے۔

تحقیق میں ان افراد کو تین گروہوں میں تقسیم کیا گیا۔ یہ گروپ اس ٹیسٹ کی سالانہ پیمائش کے تین فی صد تک اضافے، مستحکم رہنے یا تین فی صد تک کم ہونے پر مشتمل تھے۔

اوسطاً سات سال تک جاری رہنے والے اس معائنے میں محققین نے دیکھا کہ 592 مردوں میں پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی اور 46 افراد کی موت اس بیماری سے واقع ہوئی۔

وہ افراد جن کی سالانہ فٹنس میں تین فی صد تک بہتری آئی تھی ان کے بیماری میں مبتلا ہونے کے امکانات فٹنس میں بدتر ہونے والے افراد کی نسبت 35 فی صد کم تھے۔

محققین کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج عام افراد میں معتدل فٹنس لیول یا کارڈیو ریسپائٹری فٹنس میں بہتری کی اہمیت کو واضح کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں