ثنا جاوید کی سالگرہ پر شعیب ملک کا شاندار سرپرائز

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل ثنا جاوید کی سالگرہ کی تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

25 مارچ کو ثنا جاوید نے اپنی 31ویں سالگرہ منائی، اس موقع پر اُن کے شوہر اور قومی کرکٹر شعیب ملک نے اُنہیں رومانوی سرپرائز دے کر خوش کردیا۔

ثنا جاوید نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی سالگرہ کی تقریب کی چند تصاویر پوسٹ کیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شعیب ملک نے اہلیہ کو سرپرائز دینے کے لیے رومانوی تھیم کی سجاوٹ کی۔

سالگرہ کی تھیم کے لیے قومی کرکٹر نے سیاہ اور سُرخ رنگ کا انتخاب کیا، اُنہوں نے ان دو رنگوں کے غباروں سے سجاوٹ کی اور ساتھ ہی ثنا جاوید کو سُرخ گلاب کے پھولوں کا خوبصورت گلدستہ بھی دیا۔

مزید پڑھیں: ثنا جاوید کی سالگرہ پر شعیب ملک کی پوسٹ وائرل

ثنا جاوید نے سالگرہ کی تھیم کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سُرخ رنگ کا لباس زیب تن کیا جبکہ شعیب ملک سیاہ لباس میں ملبوس تھے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں سالگرہ کے سرپرائز کے لیے اپنے شوہر شعیب ملک کا شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ ثنا جاوید اور شعیب ملک نے 20 جنوری کو اپنی شادی کا اعلان کیا تھا، اس جوڑی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شادی کی تصاویر پوسٹ کی تھیں۔

ان دونوں اسٹارز کی یہ دوسری شادی ہے، شعیب ملک نے پہلی شادی سال 2010 میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے کی تھی جبکہ ثنا جاوید نے پہلی شادی سال 2020 میں گلوکار عمیر جیسوال سے کی تھی۔

ثانیہ مرزا سے شعیب ملک کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک ہے جس کی پیدائش 2018 میں ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں