کراچی میں گیس چوری کرنے والا نیٹ ورک پکڑا گیا، ہزاروں کنکشنز منقطع

کراچی: سوئی سدرن گیس کی جانب سے گیس چوری کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، کراچی سے کروڑوں روپے کی گیس چوری کرنے والا نیٹ ورک پکڑ لیا گیا۔

ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق سبزی منڈی کے قریب گل حسن ٹاؤن میں سی آر ڈی اور سی جی ٹی او کی جانب سے مشترکہ کارروائی کی گئی۔ اس دوران انکشاف ہوا کہ سروس لائن سے براہ راست گیس چوری کر کے ڈھائی ہزار گھروں کو گیس دی جارہی تھی۔

چھاپا مار ٹیم نے ڈھائی ہزار غیر قانونی کنکشن منقطع کرتے ہوئے پورا نیٹ ورک ختم کردیا۔ گیس چور سالانہ 2,400,000 کیوبک میٹر گیس چوری کر رہے تھے جب کہ چوری شدہ گیس کی مالیت 75,000,000 روپے بنتی ہے۔
ترجمان کے مطابق گیس لوڈ کے حساب سے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ گیس قومی ملکیت ہے، گیس کی چوری کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ گیس چوروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید بڑھایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں