پختونخوا؛ طوفانی بارشوں میں 2 بچوں سمیت مزید 3 افراد جاں بحق، تعداد 46 ہوگئی

پشاور: خیبر پختونخوا میں جاری طوفانی بارشوں میں 2 بچوں سمیت مزید 3 افراد جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد ہلاک ہونےو الوں کی مجموعی تعداد46 ہو گئی ہے۔

زرائع کے مطابق سوات اور دیر کے سرحدی علاقے قادر کنڈو کے مقام پر طوفانی بارش میں 2 بچے جاں بحق اور 8 افراد بے ہوش ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق نہاگدرہ سے 10 افراد پیدل سوات جارہے تھے کہ راستے میں طوفانی بارش میں پھنس گئے۔ مقامی افراد نے بےہوش ہونے والوں کو واڑی اسپتال منتقل کیا۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت جویریہ اور آرزو کے نام سے ہوئی۔

دریں اثنا نوشہرہ ولئی گاؤں کے محلہ میاں گانوں میں ایک کچے گھر کی چھت گرنے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں کے باعث صوبہ بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد 46 ہو گئی ہے جب کہ 60 افراد زخمی ہوئے۔جاں بحق افراد میں 25 بچے 12 مرد اور 9 خواتین جب کہ زخمیوں میں 11 خواتین، 33 مرد اور 16 بچے شامل ہیں۔

بارشوں کے دوران مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور 2875 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 436 گھروں کو مکمل جب کہ 2439 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبے کے مختلف اضلاع خیبر، دیر اپر و لوئر، چترال اپرولوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مپمند، ملاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان،کوہاٹ، ڈی آئی خان اورکزئی میں رونما ہوئے۔

علاوہ ازیں دیر میں شدید بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے اور دریائے پنجکوڑہ میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ تالاش شمشی خان برساتی نالے میں طغیانی کی وجہ سے جی ٹی روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔

تالاش شمشی خان برساتی نالے میں ایک شخص گاڑی سے گر کر سیلابی ریلے میں بہہ گیا، جس کی لاش برآمد ہوئی، جسے مقامی افراد نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال تیمرگرہ منتقل کیا۔ شدید بارشوں سے وسیع پیمانے پر فصلیں دریائے پنجکوڑہ میں بہہ گئیں جس سے کاشکاروں کو غیر معمولی مالی نقصان ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں