چئیرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی کی تعیناتی کیخلاف درخواست، وفاق کو نوٹس جاری

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے چئیرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجاد غنی کی تعیناتی کے خلاف درخواست کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔ عدالت نے وفاق سمیت دیگر فریقین کو پری ایڈمیشن نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔

چیئرمین واپڈا کو کام سے روکنے کی متفرق درخواست پر بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 ہفتوں میں جواب طلب کیا گیا ہے۔ تحریری حکم نامے کے مطابق درخواست گزار اشفاق احمد چیمہ کی جانب سے زینب جنجوعہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ چئیرمین واپڈا کے عہدے پر تعیناتی کے لیے عمر کی حد 65 سال ہے۔ چئیرمین واپڈا کی تعیناتی کے وقت ان کی عمر 64 برس تھی مگر وہ 65 سال کے ہونے کے بعد بھی کام کر رہے ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق 65 برس کی عمر کے بعد اس عہدے پر کام جاری رکھنا کابینہ ڈویژن کی ہدایات کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے کہا کہ درخواست پر فریقین کو پری ایڈمشن نوٹس جاری کیے جاتے ہیں جو 2 ہفتوں میں جواب داخل کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں