(روزنامہ جرأت)جاپان نے بڑھتے ہوئے آن لائن فراڈ اور سائبر دھوکا دہی کے خلاف اپنی مہم کے تحت ’اے آئی کو‘ (AIKO) نامی مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ورچوئل پولیس افسر متعارف کرا دیا ہے۔
اوساکا پریفیکچرل پولیس کی جانب سے متعارف کرائی گئی ’اے آئی کو‘ یوٹیوب پر ایک نوجوان خاتون کی شکل اور آواز میں عوام کو فراڈ سے بچاؤ کے طریقے بتاتی ہے۔ وہ خبردار کرتی ہے کہ اگر کوئی شخص ویڈیو کال پر خود کو پولیس افسر ظاہر کرے تو غالب امکان ہے کہ وہ دھوکا باز ہو۔اے آئی کو کا آغاز ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب جاپان میں گزشتہ سال سرمایہ کاری، رومانوی تعلقات اور جعلی پولیس افسران یا مشہور شخصیات کے نام پر ہونے والے فراڈ کے باعث شہریوں کو دو ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔
اے آئی کو نام میں ’اے آئی‘ سے مراد مصنوعی ذہانت جبکہ ’کو‘ جاپانی خواتین کے ناموں میں استعمال ہونے والا ایک عام لاحقہ ہے۔یہ ورچوئل پولیس افسر حقیقی فراڈ کالز اور گفتگوؤں کی بنیاد پر تیار کی گئی ویڈیوز کے ذریعے عوام کو بتاتی ہے کہ دھوکا باز کس طرح لوگوں کو اپنے جال میں پھنساتے ہیں اور کن علامات سے فراڈ کی بروقت نشاندہی کی جا سکتی ہے۔




