لاہور:(روزنامہ جرأت) این سی سی آئی اے نے ہراساں کرنے اور دھمکیوں کے خلاف ادکارہ مومنہ اقبال کے کیس میں (ن) لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور اہلیہ سے متعلق رپورٹ پیش کردی۔تفتیشی افسر کے مطابق این سی سی آئی اے نے تفتیش تبدیل کرکے جے آئی ٹی تشکیل دی ہے، فی الحال ثاقب چدھڑ اور سمیرا کی گرفتاری درکار نہیں ہے۔
تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ ثاقب چدھڑ نے تفتیشی افسر کے بیان کی روشنی میں اپنی عبوری ضمانت واپس لے لی ہے۔
ادھر ثاقب چدھڑ نے سیشن عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این سی سی آئی اے کو جو شواہد دیے اس کے بعد انہوں نے کہا گرفتاری نہیں چاہیے، اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے آج مجھے سرخرو کیا، آج ثابت ہوگیا کہ یہ کیس جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔دوسری جانب اداکارہ مومنہ اقبال کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پہلے دن سے کہہ رہی ہوں کہ کیس کو جانبدار ہو کر نا دیکھا جائے،کوئی لڑکی بے وقوف نہیں ہوتی کہ شادی سے 10 دن پہلے ایسی باتیں کرے، ان پر اعتبار کیا جنہوں نے کرسی پربیٹھ کر کہا تھا انہیں دونوں سائڈ کی اسٹوری پتا ہے، میں اس کیس کو ایسے نہیں چھوڑوں گی، چاہے جس کو مرضی اپروچ کروالیں۔




