(روزنامہ جرأت)معروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان اپنے صاحبزادے شاہ زمان علی خان کے ہمراہ لیجنڈری قوال استاد نصرت فتح علی خان کی قبر پر قوالی پیش کرنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئے۔استاد نصرت فتح علی خان کی برسی کے موقع پر راحت فتح علی خان اپنے بیٹے کے ہمراہ ان کی آخری آرام گاہ پر پہنچے جہاں انہوں نے مرحوم قوال کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جبکہ راحت فتح علی خان اور ان کے صاحبزادے نے قبر کے قریب بیٹھ کر کلام پیش کیا۔تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں جن میں قوالی کے دوران لوگوں کو پیسے ہوا میں اچھالتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی اور متعدد صارفین نے قبر کے قریب اس انداز میں قوالی پیش کرنے اور نوٹ نچھاور کرنے پر اعتراض اٹھایا۔
ایک صارف نے ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ قبر کا احترام ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا، جبکہ دیگر صارفین نے بھی تقریب کے انداز کو نامناسب قرار دیتے ہوئے تنقیدی تبصرے کیے۔دوسری جانب بعض مداحوں نے اسے راحت فتح علی خان کی جانب سے اپنے استاد اور چچا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ایک انداز قرار دیا۔راحت فتح علی خان نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں اپنے چچا اور استاد نصرت فتح علی خان کے ساتھ بھی پرفارم کیا اور بعدازاں قوالی اور گائیکی کی دنیا میں اپنی الگ پہچان بنائی۔عالمی شہرت یافتہ قوال نصرت فتح علی خان اگست 1997 میں 48 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی وفات کو تقریباً تین دہائیاں گزرنے کے باوجود ان کی قوالیاں اور گیت پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بھی مقبول ہیں۔




