(روزنامہ جرأت)بھارت میں ایک لڑکی محبوب سے شادی کیلئے 100 فٹ اونچے ٹاور پر چڑھ گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں 19 سالہ لڑکی صاحبہ عرف مہک اپنے 21 سالہ محبوب نورالدین سے شادی کرنے کی خواہش مند تھی۔شادی کیلئے بضد مہک نے اپنی والدہ سے بحث کی اور پھر غصے میں تقریباً 100 فٹ اونچے موبائل ٹاور پر چڑھ گئی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ جوڑا شادی کرنا چاہتا تھا لیکن دونوں خاندانوں نے اس رشتے کی مخالفت کی تھی، جب یہ صورتحال پیش آئی تو نورالدین دوسرے شہر ممبئی میں کام کررہا تھا۔پولیس کے مطابق مہک تقریباً 4 گھنٹے تک ٹاور پرچڑھی رہی، اس دوران رشتے داروں، علاقہ مکینوں اور پولیس نے نیچے اترنے پر آمادہ کرنے کی بہت کوشش کی لیکن اس نے دھمکی دی کہ اگر اس کا مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو وہ چھلانگ لگا دے گی۔
کشیدہ صورتحال پر نورالدین سے رابطہ کرنے اور خاندانوں کے درمیان تنازع کو حل کرنے کی کوششیں کی گئیں لیکن فیملیز کی جانب سے رضامندی ظاہر نہ کرنے پر ایک مقامی مسلمان عالم نے ویڈیو کال کے ذریعے جوڑے کا نکاح پڑھوادیا جس میں نورالدین ممبئی سے آن لائن شریک ہوا اور پھر مہک پولیس کی مدد سے ٹاور سے نیچے اتر آئی۔




