لاہور:(روزنامہ جرأت)اچھرہ کے علاقے میں تین بچوں کو قتل کرنے کے بعد ماں کی گھر سے باہر جانے کی کلوز سرکٹ فوٹیج سامنے آگئی۔فوٹیج میں بچوں کو قتل کرنے کے بعد ماں ردا فاطمہ کو گلی سے باہر جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمہ نے قتل کی واردات کے بعد کرائم سین تبدیل کرنے کی کوشش کی جبکہ ملزمہ نے واپس آ کر محلے داروں کے ساتھ مل کر 15 پر کال کی۔دوسری جانب، سنگدل ماں کے ہاتھوں قتل ہونے والے تینوں بہن بھائیوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔
انویسٹیگیشن پولیس کے مطابق 5 سالہ مومنہ بتول، 4 سالہ مومن رضا اور ڈیڑھ سالہ ام حبیبہ کی لاشیں ورثا آبائی گاؤں جھنگ لے گئے، تینوں بچوں کو انکے آبائی گاؤں جھنگ میں نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کا کہنا تھا کہ ملزمہ ردا کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، معصوم بچوں کے قتل میں ملوث ملزمہ کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔




