ممبئی: ماضی میں بالی ووڈ کو سُپر ہٹ ایکشن فلمیں دینے والے اسٹار اجے دیوگن نے اپنی بیٹی نیسا دیوگن کے بالی ووڈ میں قدم رکھنے کے حوالے سے بتا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اجے دیوگن نے حال ہی میں فلمساز کرن جوہر کے مقبول ترین شو “کافی وِد کرن” میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے فلمی کیریئر سمیت اپنی بیٹی نیسا دیوگن پر ہونے والی ٹرولنگ اور اُن کے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کے حوالے سے بات کی۔
اجے دیوگن نے کہا کہ “میں اس چیز کو بالکل پسند نہیں کرتا کہ میڈیا (پاپرازی) مسلسل میری بیٹی نیسا کو فالو کرے، نیسا کی تصاویر اور ویڈیوز بنائیں کیونکہ پھر وہ ویڈیوز ٹرولنگ کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کی جاتی ہیں”۔
اداکار نے کہا کہ “میں اپنی بیٹی کو سمجھاتا ہوں کہ سوشل میڈیا ٹرولنگ کا جواب نہیں دینا اور نہ ہی اس پر توجہ دینی ہے، اگر چند لوگ آپ کے بارے میں فضول باتیں کرتے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ساری دنیا آپ کے بارے میں ویسا ہی سوچتی ہے”۔
مزید پڑھیں: کاجول نے اپنے شوبز کیریئر کی پہلی ہارر فلم ’ماں‘ کیلئے کمر کس لی
اُنہوں نے کہا کہ “سوشل میڈیا پر ہمیشہ منفی باتیں اور ٹرولنگ ہی وائرل ہوتی ہے ، اگر سوشل میڈیا پر کوئی کسی کے بارے میں اچھی باتیں لکھتا ہے تو کوئی بھی اسے پڑھنے میں دلچسپی نہیں رکھتا”۔
اجے دیوگن نے نیسا کے بالی ووڈ ڈیبیو کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ “فی الحال، وہ فلم انڈسٹری میں نہیں آنا چاہتی لیکن مستقبل کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا”۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کاجول نے بھی اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ اُن کی بیٹی کا بالی ووڈ میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اجے دیوگن اور اداکارہ کاجول نے 24 فروری 1999 کو شادی کی تھی، اس جوڑی کی ایک بیٹی ہے جس کا نام نیسا ہے جبکہ ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام یگ ہے۔