اسلام آباد:ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو یو اے ای سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر گرفتار کیا گیا جو فلائٹ نمبر ED217 کے ذریعے دبئی سے پاکستان پہنچا تھا۔
گرفتار ملزم کی شناخت اجمل محمد کے نام سے ہوئی، ملزم انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے گھناونے جرم میں ملوث ہے، ملزم کا نام اسٹاپ لسٹ میں بھی شامل تھا۔
ملزم کے خلاف سال 2023 میں مقدمہ درج ہوا تھا اور اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کو مطلوب تھا۔ ملزم ویزے کے نام پر بھاری رقوم وصول کر کے بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔
ملزم کو بعد ازاں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا گیا۔